انکولہ:15؍مارچ (ایس اؤ نیوز) انکولہ میں چوری کی بڑھتی وارداتوں سے عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے اور لوگوں کا گھروں میں تالا لگا کر گھر سے باہر نکلنا دشوار ہوگیا ہے۔ ادھر لوگ گھر سے نکلے اور ادھر تاک میں بیٹھے چوروں کی طرف سے گھروں پر ہاتھ صاف ۔
تازہ واردات انکولہ کے کھیل دیہات میں پیش آئی جب گھر کے افراد ایک پروگرام سے لطف اندوز ہونے کے لئے نکلے تھے جس کا فائدہ اُٹھاکر چوروں نے پہلے تالا توڑا پھر گھر میں گھستے ہوئے زیورات سمیت نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔
اطلاع کے مطابق تعلقہ مرکز سے قریب 3کلومیٹر دور کنگیل نامی دیہات میں شری شانتا درگا مندر کے پڑوس میں واقع سابق فوجی اور فائر برگیڈ محکمہ کے ملازم گروراج ہیمنا نائک جب پروگرام دیکھ کر گھر لوٹے تو گھر کا دروازہ کھلا دیکھ کر حیران رہ گئے۔ گھر کا قفل توڑ کر گھر کے اندر گھسے چوروں نے الماری سے ڈھائی تولے (25گرام ) سونے کی دو چین ، 70گرام کے آویزے سمیت 10ہزارروپئے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ معاملے کو لےکر انکولہ پولس تھانےمیں شکایت درج ہوئی ہے۔
چوری کی وارداتیں معمول :حالیہ دنوں میں تعلقہ میں چوری کی وارداتیں معمول بننے سے عوام میں ایک طرح کا خوف پایا جارہا ہے۔ کنگیل دیہات کے پاس پڑوس کے کئی گھروں میں چوری کی وارداتیں انجام دی جاچکی ہیں۔ ابھی تک چوروں کا کوئی سراغ نہیں مل سکاہے۔ عوام کی مانیں تو معاملات کی جانچ کہیں دیکھنے میں نہیں آرہی ہے۔ یہ بھی کہاجارہاہےکہ کچھ معاملات درج ہی نہیں ہوئے ہیں۔ کنگیل دیہات کے کے وی نایک، رویندر بی نایک، سچن نایک ،لکشمن نائک، موظف فاریسٹ افسر چندرہاس نایک کے گھروں میں چوری ہوچکی ہیں۔ کمبارکیرے کے شنکر نائک کے گھر میں بھی چوری ہوئی ہے۔ ایسے کئی معاملات پے درپے ہونے سے عوام سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ عوام نے پولس محکمہ سے مطالبہ کیا ہےکہ اس سلسلے میں اپنی جانچ کو تیز کرتےہوئے چوروں کا پتہ لگائیں۔